قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی انتقال کر گئے

قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

قطر کے شاہی دیوان (امیری دیوان) نے جاری بیان میں شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج صبح انتقال کر گئے۔

امیری دیوان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کے فیصلے اور تقدیر پر کامل ایمان کے ساتھ، امیری دیوان قوم کے عظیم نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے، اللّٰہ تعالیٰ مرحوم امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی پر اپنی رحمت نازل فرمائے۔

خیال رہے کہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے 1995ء سے 2013ء تک قطر کے امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ان کے دورِ حکومت میں قطر نے معاشی ترقی، سفارتی اثر و رسوخ اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی۔

2013 میں انہوں نے رضاکارانہ طور پر اقتدار اپنے صاحبزادے موجودہ امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے حوالے کر دیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حمد ایک عظیم رہنما تھے جن کی دانش اور دور اندیشی نے قطر کو ایک جدید، خوشحال اور عالمی سطح پر قابل احترام قوم میں تبدیل کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ان کی اپنی قوم، عالمی امن اور ترقی کے لیے خدمات کو آنے والی نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار  نے بھی شیخ حمدبن خلیفہ الثانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ نے قطر پاکستان دوستانہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، شیخ حمدبن خلیفہ کی خطے میں امن کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

Related posts

ایران کا ’یکطرفہ معاہدہ ختم‘ اور ’آبنائے ہرمز‘ بند کرنے کا اعلان

امریکا کا نیا حملہ؛ جنوبی ایران کے مختلف ساحلی شہروں میں دھماکوں کی آوازیں

ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی آخری آرام گاہ کی تصاویر اور ویڈیو منظر عام پر آگئیں