فیفا ورلڈکپ سے واپسی پر مصری فٹبال ٹیم کا شاندار استقبال، ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے
مصری فٹبال ٹیم وطن واپس پہنچی تو ہزاروں شائقین نے ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
فیفا ورلڈکپ میں بہترین کارکردگی دکھانے والی مصر کی قومی فٹبال ٹیم وطن واپس پہنچ گئی ہے، جہاں ہزاروں شائقین نے کھلاڑیوں کا پُرجوش استقبال کیا۔
فیفا ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی کے بعد مصر کی قومی فٹبال ٹیم وطن واپس پہنچی تو ہزاروں شائقین نے بحیرہ روم کے ساحلی شہر العلمین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
استقبال کے لیے جمع ہونے والے شہری قومی پرچم لہراتے، حب الوطنی کے نغمے گاتے اور ٹیم کی تاریخی کامیابی پر مبارک باد دیتے رہے۔ شائقین نے قومی ٹیم کے کپتان محمد صلاح کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں جن پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔
بعد ازاں قومی ٹیم کھلی بس میں شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزری، جہاں راستے بھر شہریوں نے کھلاڑیوں کا خیرمقدم کیا۔ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی آج قومی ٹیم، کوچنگ عملے اور انتظامی حکام سے ملاقات کریں گے۔
استقبال کے موقع پر متعدد شائقین قومی ٹیم کے کوچ حسام حسن کی تصاویر فلسطینی پرچم کے ساتھ اٹھائے ہوئے تھے۔ حسام حسن نے عالمی کپ کے دوران مختلف مواقع پر فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا تھا جسے شائقین نے خوب سراہا۔
خیال رہے کہ مصر کی ٹیم پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن کے ہاتھوں 3-2 سے شکست کے باوجود سرخرو وطن لوٹی۔ مصر کو میچ میں دو گول کی برتری حاصل تھی تاہم آخری لمحات میں تین گول کھاکر ٹیم اگلے مرحلے میں رسائی سے محروم ہوگئی۔
اس سے قبل مصر کی فٹبال فیڈریشن نے کوچ حسام حسن اور ان کے جڑواں بھائی ابراہیم حسن کے معاہدوں میں توسیع کا اعلان بھی کیا تھا۔
مقامی ذرائع کے مطابق دونوں کی خدمات 2030 تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ حسام حسن کی قیادت میں مصر نے کئی برس بعد عالمی کپ میں جگہ بنائی اور ملکی تاریخ کی بہترین عالمی کپ مہم مکمل کی۔