امریکی حملوں پر ایران کا سخت ردعمل، عباس عراقچی کا فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رابطہ
ایران کسی بھی امریکی جارحیت کے سامنے دباؤ قبول نہیں کرے گا، ایرانی وزیر خارجہ
ایران نے امریکی فوجی کارروائیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان سے رابطہ کر لیا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے گفتگو میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور امریکی حملوں کو بین الاقوامی قوانین اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی قرار دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رابطہ کیا جس میں خطے میں جاری کشیدگی اور تازہ صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق عباس عراقچی نے گفتگو کے دوران امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ کی روح کے منافی ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی امریکی جارحیت کے سامنے دباؤ قبول نہیں کرے گا اور اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔
عباس عراقچی نے خبردار کیا کہ اگر امریکی حکام طے شدہ معاہدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری نہیں کرتے تو یہ واشنگٹن کی جنگی پالیسیوں کے تسلسل کو ظاہر کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی جانب سے مستقبل میں کسی بھی مزید فوجی کارروائی کی صورت میں ایران اپنے دفاع کے حق سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔