نتھیا گلی میں گندگی دیکھ کر جگن کاظم آگ بگولہ ہو گئیں
اداکارہ نے گندگی پھیلانے والے سیاحوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ٹی وی میزبان جگن کاظم نے مری سے نتھیا گلی جانے والے ہائیکنگ ٹریکس پر پھیلی گندگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سیاحوں سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
جگن کاظم نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں راستوں پر پڑی پلاسٹک کی بوتلوں، ریپرز اور دیگر کچرے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ملک کے حالات پر تنقید تو کرتے ہیں مگر اپنی بنیادی ذمہ داریوں کو نظرانداز کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اکثر سوال کرتے ہیں کہ ملک کے حالات کب بدلیں گے لیکن جب ہم خود صفائی کا خیال نہیں رکھتے تو بہتری کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ عموماً سخت لہجہ اختیار نہیں کرتیں تاہم سیاحتی مقام پر گندگی دیکھ کر انہیں کھل کر بات کرنا پڑی، ماحول کو آلودہ کرنا صرف قدرتی حسن کو متاثر نہیں کرتا بلکہ ماحولیاتی مسائل اور موسمی تبدیلیوں میں بھی اضافے کا باعث بنتا ہے۔
جگن کاظم نے عوام پر زور دیا کہ وہ سیاحتی مقامات کی خوبصورتی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں جہاں جائیں وہاں صفائی کا خیال رکھیں اور اپنا کچرا مناسب جگہ پر تلف کریں یا اپنے ساتھ واپس لے جائیں۔
اداکارہ کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا۔ متعدد افراد نے ان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سیاحتی مقامات کو صاف رکھنا ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے جبکہ بعض صارفین نے گندگی پھیلانے والوں کے خلاف جرمانوں اور سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔
ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ معاشرے میں شہری شعور اور خوداحتسابی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جبکہ اس اہم مسئلے پر آواز اٹھانے پر جگن کاظم کو سراہا گیا۔
