پاکستان کی تاریخ میں ایف بی آر نے پہلی بار 13 ٹریلین کا ہدف حاصل کر لیا
وزیر خزانہ نے اس تاریخی کامیابی پر ایف بی آر کی قیادت اور ٹیم کو مبارکباد بھی دی
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 2025-26 میں پہلی بار تاریخی ریونیو ہدف حاصل کر لیا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے لیڈرشپ اور فیلڈ فارمیشنز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کا طے شدہ ہدف 12.83 ٹریلین روپے تھا، تاہم ادارے نے 13 ٹریلین روپے سے زائد ریونیو اکٹھا کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں اتنی کم مدت میں اس سطح کا ہدف کبھی حاصل نہیں کیا گیا، اور یہ کامیابی ٹیم ورک، مسلسل اصلاحات اور فیلڈ اسٹاف کی محنت کا نتیجہ ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق گزشتہ ڈھائی برس میں پاکستان کی ٹیکس وصولیاں دوگنی ہو چکی ہیں، جس سے مالی خسارہ کم ہوا اور ملکی معیشت کی بنیادیں مزید مضبوط ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مالی سال کے دوران ایف بی آر نے مجموعی طور پر 599 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز جاری کیے، جبکہ صرف مالی سال کے آخری روز 13.5 ارب روپے کے ریکارڈ ریفنڈز ادا کیے گئے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ جدید ٹیکس نظام میں شفافیت، سہولت اور ٹیکس دہندگان کا اعتماد اولین ترجیح ہے، جبکہ ایف بی آر کو ڈیجیٹل اور اے آئی پر مبنی نظام کی طرف لے جایا جا رہا ہے تاکہ کارکردگی مزید بہتر ہو سکے۔
وزیر خزانہ نے اس تاریخی کامیابی پر ایف بی آر کی قیادت اور ٹیم کو مبارکباد بھی دی۔