سابق افغان بولر 38 برس کی عمر میں چل بسے
شپور زادران افغانستان کرکٹ کی بنیاد رکھنے والی اہم شخصیات میں شامل تھے۔
افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شپور زادران 38 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
شپور زادران گزشتہ کئی ماہ سے مدافعتی نظام سے متعلق بیماری ہیموفاگوسائٹک لیمفو ہسٹیوسائٹوسس (ایچ ایل ایچ) میں مبتلا تھے اور نئی دہلی کے نواحی علاقے میں زیرِ علاج تھے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شپور زادران افغانستان کرکٹ کی بنیاد رکھنے والی اہم شخصیات میں شامل تھے جن کی لگن، جذبے اور غیر متزلزل عزم نے ملک میں کرکٹ کے فروغ اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
With profound grief and deep sorrow, the Afghanistan Cricket Board mourns the passing of former Afghanistan fast bowler Shapoor Zadran.
Shapoor Zadran was one of the foundation-laying figures of Afghanistan cricket, whose dedication,… pic.twitter.com/iPIAJ6HLkq
— Afghanistan Cricket Board (@ACBofficials) July 7, 2026
بورڈ کے مطابق شپور زادران ان کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہوں نے افغانستان کرکٹ کو بین الاقوامی سطح تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
شپور زادران نے 2009 سے 2020 تک افغانستان کی نمائندگی کی۔ اس دوران انہوں نے 44 ون ڈے اور 36 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جس میں 80 وکٹیں حاصل کیں۔
وہ 2010 سے 2016 کے درمیان چار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی افغانستان کی نمائندگی کرچکے ہیں، جہاں انہوں نے 9 میچز میں 9 وکٹیں اپنے نام کیں۔
شپور زادران کو 2015 کے ون ڈے ورلڈکپ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف افغانستان کی تاریخی فتح میں فاتحانہ رنز بنانے پر بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ شپور زادران نے اپنے حوصلے، عزم اور کرکٹ سے محبت کے ذریعے نہ صرف نوجوان افغان کرکٹرز بلکہ دنیا بھر میں کرکٹ سے وابستہ افراد کو بھی متاثر کیا۔