ہر 100 میں سے 86 موبائل فون اب پاکستان میں تیار ہونے لگے، رپورٹ جاری
مئی 2026 کے دوران ملک میں مقامی طور پر 20 لاکھ موبائل فون تیار یا اسمبل کیے گئے۔
اسلام آباد: پاکستان میں مقامی موبائل فون مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ کا سلسلہ مزید تیز ہوگیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مئی 2026 کے دوران ملک میں مقامی طور پر 20 لاکھ موبائل فون تیار یا اسمبل کیے گئے جب کہ درآمدی موبائل فونز پر انحصار میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی۔
پی ٹی اے نے بتایا کہ اپریل 2026 میں مقامی سطح پر 18 لاکھ 10 ہزار موبائل فون تیار کیے گئے تھے تاہم مئی میں یہ تعداد بڑھ کر 20 لاکھ یونٹس تک پہنچ گئی جس کے نتیجے میں ماہانہ بنیاد پر تقریباً 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2026 کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ملک میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 11 لاکھ 70 ہزار موبائل فون مقامی سطح پر تیار یا اسمبل کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی 2026 کے دوران ملک میں استعمال ہونے والے ہر 100 موبائل فونز میں سے 86 مقامی طور پر تیار یا اسمبل کیے گئے جو مقامی صنعت کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ مقامی مینوفیکچرنگ میں اضافے کے باعث درآمدی موبائل فونز پر انحصار مسلسل کم ہورہا ہے جب کہ رواں سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران پاکستان کی مجموعی موبائل فون طلب کا 85 فیصد مقامی صنعت نے پورا کیا۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقامی موبائل فون مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ کے شعبے میں مسلسل ترقی کے باعث ملکی صنعت کا کردار مزید مضبوط ہورہا ہے۔