یومِ آزادی، معرکۂ حق اور وطن کے لیے غیر متزلزل عزم کی تجدید کا دن ہے، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان، ہمارے آباؤ و اجداد کی لازوال قربانیوں اور خوابوں کی تعبیر ہے۔
سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی کے مطابق پاکستان کی آزادی کی کہانی آسان نہیں تھی۔ تقسیمِ ہند کے وقت بڑی مشکلات اور تنگ دلی کا مظاہرہ ہوا۔ پاکستان کے حصے کے مالی وسائل، جو برطانیہ نے چھوڑے تھے، روک لیے گئے اور گاندھی نے مرن برت کی دھمکی بھی دی۔
مجیب الرحمان شامی نے بتایا کہ پاکستان کو حاصل کرنے کے بعد ایک ایسا جذبہ پیدا ہوا جس نے ملک کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کر دیا۔
سینئر صحافی کے مطابق پاکستان کی مضبوط بنیادوں کو دنیا نے بھی تسلیم کیا اور دشمنوں کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھنے والا یہ ملک آج بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
پاکستان اپنی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار اور پُرعزم ہے اور یہ عزم یومِ آزادی کے موقع پر ہر پاکستانی کے دل میں تازہ ہو جاتا ہے۔