حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دے دیا؛ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی
پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے کمی کا فیصلہ۔
اسلام آباد: حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کردیا، پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت 373 سے کم ہوکر 299 روپے ہوجائے گی جب کہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہوکر 311 روپے فی لیٹر ہوجائے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جو وعدہ عوام سے کیا تھا، آج اسے پورا کرنے جارہے ہیں۔ عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور مشکل حالات میں پاکستانی عوام نے صبر و تحمل کا بے مثال مظاہرہ کیا جس پر حکومت ان کی تہہ دل سے شکر گزار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بحران کے آغاز سے ہی حکومت نے اپنے وسائل سے تیل کی قیمتوں میں ممکنہ حد تک کمی لانے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ اور کفایت شعاری سے حاصل ہونے والی بچت میں سے 129 ارب روپے استعمال کیے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ خطے میں معاشی مشکلات کے دوران بعض ممالک میں ایندھن کی راشن بندی جیسے اقدامات کیے جارہے تھے تاہم حکومت پاکستان کی بہتر منصوبہ بندی کے باعث ملک میں توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا۔ مؤثر اقدامات کے نتیجے میں نہ کہیں لمبی قطاریں لگیں اور نہ ہی عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیراعظم کہتے ہیں کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جو بھی کمی آئے گی، وہ من و عن عوام تک منتقل کی جائے گی۔ حکومت معاشی استحکام برقرار رکھنے اور مہنگائی میں مزید کمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی جب کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان کی ثالثی کی بدولت امن ممکن ہوا اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جو ایک تاریخی دستاویز ہے۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث یہ امن معاہدہ ممکن ہوا۔
انہوں نے نائب وزیراعظم، وزیر داخلہ، وزیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی، وزیر اقتصادی امور، وزیر پیٹرولیم اور حکومتی ٹیم کے دیگر ارکان کی خدمات کو بھی سراہا۔