عامر لیاقت حسین کو مداحوں سے بچھڑے 4 برس بیت گئے
عامر لیاقت کی خدمات اور منفرد اندازِ میزبانی آج بھی ناظرین کے ذہنوں میں محفوظ ہیں
پاکستان کی ٹی وی انڈسٹری، مذہبی نشریات اور رمضان ٹرانسمیشنز میں نمایاں مقام رکھنے والی شخصیت عامر لیاقت حسین کی چوتھی برسی آج منائی جا رہی ہے۔
عامر لیاقت حسین 5 جولائی 1972 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز میڈیا سے کیا اور بطور نیوز کاسٹر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تاہم مذہبی اور سماجی موضوعات پر مبنی پروگراموں کی میزبانی نے انہیں ملک گیر شہرت دلائی۔
انہوں نے “عالم آن لائن” سمیت متعدد مذہبی پروگراموں کی میزبانی کی تاہم رمضان ٹرانسمیشنز کے منفرد انداز نے انہیں پاکستان کے مقبول ترین ٹی وی میزبانوں میں شامل کر دیا، ان کی حاضر جوابی، منفرد طرزِ گفتگو اور نعت خوانی کو ناظرین میں خاص پذیرائی حاصل رہی۔
عامر لیاقت حسین نے میڈیا کے ساتھ ساتھ سیاست میں بھی فعال کردار ادا کیا اور مختلف ادوار میں رکنِ پارلیمنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں، ان کی شخصیت اور طرزِ میزبانی نے انہیں عوامی سطح پر ایک منفرد شناخت عطا کی۔
9 جون 2022 کو عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے تھے، ان کے انتقال کی خبر نے مداحوں، شوبز شخصیات اور سیاسی حلقوں کو افسردہ کردیا تھا۔
ان کی خدمات اور منفرد اندازِ میزبانی آج بھی ناظرین کے ذہنوں میں محفوظ ہیں اور ان کا نام پاکستانی میڈیا کی نمایاں شخصیات میں لیا جاتا ہے۔