فیفا ورلڈکپ 2026: ویزا تنازع شدت اختیار کرگیا، ایران کا سخت ردعمل
ایرانی ٹیم کے متعدد انتظامی اور معاون ارکان کو ویزے تاحال جاری نہیں کیے گئے۔
تہران: فیفا ورلڈکپ 2026 سے قبل امریکا کی جانب سے ایرانی فٹبال ٹیم کے 15 رکنی انتظامی وفد کو ویزے جاری نہ کیے جانے پر نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے جس پر ایران نے فیفا سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکی حکام نے ایرانی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیکنیکل اسٹاف کو ویزے جاری کردیے ہیں تاہم ٹیم کے متعدد انتظامی اور معاون ارکان کو ویزے تاحال جاری نہیں کیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق ویزے سے محروم رہنے والوں میں ایران فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج، ٹیم مینجر، میڈیا آفیسر، سیکیورٹی اہلکار اور وزارت خارجہ کے نمائندے شامل ہیں۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام افراد ٹیم کے انتظامی امور اور بین الاقوامی رابطوں کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ایران نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عالمی سطح کے اس ایونٹ میں شریک ٹیم کے انتظامی وفد کو ویزے نہ دینا کھیلوں کی عالمی روح کے منافی ہے لہٰذا فیفا کو اس معاملے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔
دوسری جانب امریکی حکام نے گزشتہ روز تصدیق کی ہے کہ ایرانی کھلاڑیوں اور ضروری معاون عملے کو ورلڈکپ میں شرکت کے لیے ویزے جاری کردیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی قومی فٹبال ٹیم ورلڈکپ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں میکسیکو روانہ ہوچکی ہے۔ ٹیم اپنا پہلا گروپ میچ 15 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف لاس اینجلس میں کھیلے گی جب کہ اسی مقام پر بیلجیئم سے بھی مقابلہ ہوگا۔