آئی سی سی ویمنز پلیئرز رینکنگ جاری، پاکستانی کھلاڑیوں کی تنزلی
پاکستانی بولر سعدیہ اقبال پہلی پوزیشن سے محروم ہوگئیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز پلیئرز رینکنگ جاری کردی ہے جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
آئی سی سی نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس میں پاکستانی بولر سعدیہ اقبال پہلی پوزیشن سے محروم ہوگئی ہیں جب کہ مختلف شعبوں میں کئی کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔
بیٹرز کی رینکنگ
بیٹرز کی درجہ بندی میں آسٹریلیا کی جیورجیا وول نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ ٹاپ 10 بیٹرز میں پاکستان کی کوئی کھلاڑی شامل نہیں۔
بھارت کی جمیما راڈریگز چار درجے ترقی کے بعد 11 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں جب کہ آئرلینڈ کی اورلا پرینڈرگاسٹ 10 درجے بہتری کے بعد 16 ویں پوزیشن پر آگئی ہیں۔ بنگلا دیش کی نگار سلطانہ جوتی بھی چار درجے ترقی کے بعد 20 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔
پاکستانی کھلاڑیوں میں فاطمہ ثناء ایک درجہ تنزلی کے بعد 24 ویں نمبر پر چلی گئی ہیں جب کہ منیبہ علی دو درجے ترقی کے بعد 32 ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔
بولرز کی رینکنگ
بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کی سعدیہ اقبال سے پہلی پوزیشن چھن گئی ہے۔ وہ ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئی ہیں جب کہ انگلینڈ کی لنزے اسمتھ ایک درجہ ترقی کے بعد دنیا کی نمبر ون ٹی ٹوئنٹی بولر بن گئی ہیں۔
بھارت کی سری چارانی سات درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ پاکستان کی نشرہ سندھو کی نویں پوزیشن برقرار ہے۔
آئرلینڈ کی ایوا کیننگ نے شاندار پیش رفت کرتے ہوئے 35 درجے ترقی حاصل کی اور 33 ویں نمبر پر پہنچ گئیں جب کہ پاکستان کی رامین شمیم 47 درجے بہتری کے بعد 54 ویں پوزیشن پر آگئی ہیں۔
آل راؤنڈرز کی رینکنگ
آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں ویسٹ انڈیز کی ہیلی میتھیوز بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کی فاطمہ ثناء ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر چلی گئی ہیں جب کہ اسکاٹ لینڈ کی کیتھرین فریزر آٹھ درجے ترقی کے بعد 12 ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔
