امریکی حملے کے بعد ایران کا جوابی وار، امریکی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
امریکی فوج نے ایران کے گوروک اور جزیرہ قشم میں واقع اہداف کو نشانہ بنایا
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملے کے جواب میں ایک امریکی فضائی اڈے کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی افواج نے صوبہ ہرمزگان کے جزیرے سِرک میں واقع ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور پر حملہ کیا تھا جس کے بعد جوابی کارروائی کی گئی۔
پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں کہا گیا کہ اس کی ایرو اسپیس فورس نے اس امریکی فضائی اڈے کو نشانہ بنایا جہاں سے مواصلاتی تنصیبات کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا۔
ایرانی فوج کے مطابق حملے میں پہلے سے طے شدہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ جوابی کارروائی امریکی حملے کی اطلاع سامنے آنے کے چند گھنٹوں بعد کی گئی۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکی فوج نے ایران کے گوروک اور جزیرہ قشم میں واقع اہداف کو نشانہ بنایا جو آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہیں۔
سینٹ کام کے مطابق یہ کارروائی ایران کی جانب سے ایک امریکی ڈرون مار گرائے جانے کے ردعمل میں کی گئی۔
