پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال
مارکیٹ میں مجموعی طور پر 40 ارب روپے مالیت کے 54 کروڑ 98 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا
کراچی میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے کاروباری ہفتے کے اختتام پر شاندار تیزی دکھائی اور سرمایہ کاری کے رجحان میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق خریداری کے دباؤ کے باعث ہنڈریڈ انڈیکس میں مجموعی طور پر 2258 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 73 ہزار 983 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دورانِ کاروبار مارکیٹ میں زبردست اتار چڑھاؤ بھی دیکھا گیا جہاں انڈیکس ایک موقع پر 1 لاکھ 74 ہزار 106 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق آج مارکیٹ میں دو اہم نفسیاتی حدیں بھی بحال ہوئیں جسے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
پورے سیشن کے دوران 563 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا جن میں سے 298 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 161 کمپنیوں کے شیئرز میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ میں مجموعی طور پر 40 ارب روپے مالیت کے 54 کروڑ 98 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز یعنی پیر کو انڈیکس 1 لاکھ 71 ہزار 725 پوائنٹس پر بند ہوا تھا جس کے مقابلے میں آج نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔