وسیم اکرم کی شیطان کو بولنگ کے انداز میں کنکریاں مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
ویڈیو کے اختتام پر سابق اسٹار کرکٹر کا مخصوص جشن منانے والا انداز بھی مداحوں کو خوب بھا گیا
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور شہرۂ آفاق فاسٹ بولر وسیم اکرم ان دنوں سعودی عرب میں فریضۂ حج ادا کر رہے ہیں جہاں ان کی ایک منفرد ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کر رہی ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں وسیم اکرم جمرات کے مقام پر شیطان کو کنکریاں مارتے ہوئے اپنے روایتی فاسٹ بولنگ ایکشن کا انداز اپناتے دکھائی دیتے ہیں۔ دلچسپ انداز میں کی گئی سوئنگ بولنگ پر وہاں موجود افراد بھی مسکراتے اور ویڈیو بناتے نظر آئے۔
ویڈیو کے اختتام پر سابق اسٹار کرکٹر کا مخصوص جشن منانے والا انداز بھی مداحوں کو خوب بھا گیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے اسے سلطان آف سوئنگ کی خطرناک یارکر قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ رواں برس کھیل اور شوبز سے تعلق رکھنے والی کئی معروف شخصیات بھی حج کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب پہنچی ہیں تاہم وسیم اکرم کی یہ منفرد ویڈیو سب سے زیادہ وائرل ہونے والی کلپس میں شامل ہو گئی ہے۔