ایران کے ساتھ معاہدے میں جلد بازی نہیں کی جائے گی، ٹرمپ
مجوزہ ڈیل اس کے بالکل برعکس ہوگی اور اسے زیادہ سخت اور مؤثر بنایا جا رہا ہے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات سے متعلق اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ بات چیت منظم اور تعمیری انداز میں آگے بڑھ رہی ہے تاہم کسی بھی معاہدے میں جلد بازی نہیں کی جائے گی۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کو معاملے کو تحمل اور درست طریقے سے آگے بڑھانا ہوگا کیونکہ کسی بھی غلطی کی گنجائش موجود نہیں۔
ٹرمپ کے مطابق انہوں نے اپنے تمام نمائندوں کو واضح ہدایت دی ہے کہ ایران کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے میں جلد بازی نہ کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک معاہدہ مکمل طور پر طے، تصدیق اور دستخط نہیں ہو جاتا، ایران پر پابندیاں برقرار رہیں گی۔
امریکی صدر نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کسی بھی صورت میں ایٹمی ہتھیار حاصل یا تیار نہیں کر سکتا۔ ان کے بقول امریکا اور ایران کے تعلقات پہلے کے مقابلے میں زیادہ پیشہ ورانہ اور نتیجہ خیز سمت میں جا رہے ہیں۔
انہوں نے سابق امریکی صدر باراک اوباما کے ایران ایٹمی معاہدے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ امریکا کے بدترین معاہدوں میں سے ایک تھا جس نے ایران کے لیے جوہری صلاحیت کے راستے کھول دیے۔
ٹرمپ نے واضح کیا کہ موجودہ مجوزہ ڈیل اس کے بالکل برعکس ہوگی اور اسے زیادہ سخت اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مشرق وسطیٰ کے ممالک کا تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی سطح پر حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ابراہام معاہدے میں پیش رفت خطے میں استحکام کا باعث بن سکتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ایران مستقبل میں اس معاہدے میں شامل ہو جاتا ہے تو یہ ایک بڑی پیش رفت ہوگی اور کون جانتا ہے شاید ایسا وقت بھی آ جائے۔