آئی پی ایل میں نیا ہنگامہ، ویرات کوہلی نے ٹریوس ہیڈ سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا، ویڈیو وائرل
میچ کے دوران بھی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں
انڈین پریمیئر لیگ ایک بار پھر تنازع کی زد میں آ گئی ہے جب بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی جس میں انہیں آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ سے ہاتھ نہ ملانے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یہ واقعہ سن رائزرز حیدرآباد اور رائل چیلنجرز بنگلورو کے درمیان میچ کے بعد پیش آیا جہاں روایتی طور پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ہینڈ شیک لائن میں موجود تھے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ویرات کوہلی نے پیٹ کمنز اور ابھشیک شرما سے ہاتھ ملایا لیکن ٹریوس ہیڈ کے سامنے سے بغیر مصافحہ کیے گزر گئے حالانکہ ہیڈ نے ہاتھ آگے بڑھایا ہوا تھا۔
Honesly, Didnt expect this from Virat Kohli, Suryakumar or Kohli main kya farq reh gaya phr? pic.twitter.com/Yey1Z5fCBx
— ٰImran Siddique (@imransiddique89) May 23, 2026
میچ کے دوران بھی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں تاہم اس تنازع کی اصل وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے اور صارفین کی بڑی تعداد نے ویرات کوہلی کے رویے پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ پرفارمنس کم رویہ زیادہ شو آف ہے جبکہ کچھ نے اسے اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف قرار دیا۔
دوسری جانب کچھ مداحوں نے اس معاملے کو میڈیا کی بڑھا چڑھا کر پیش کی گئی خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ میدان کے اندر جذبات اکثر مختلف ہوتے ہیں اور اسے غلط رنگ نہ دیا جائے۔
واضح رہے کہ میچ میں ویرات کوہلی صرف 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سن رائزرز حیدرآباد نے 255 رنز کا بڑا اسکور بنایا اور رائل چیلنجرز بنگلورو 200 رنز تک محدود رہی۔