ایران کے ہر حملے کا جواب دیا جائے گا جو 20گنا زیادہ سخت ہوگا، ٹرمپ کی نئی دھمکی
‘امریکا اپنی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا’
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ہر حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا جو 20 گنا زیادہ سخت ہوگا۔
ایئرفورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اپنی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، امریکا پر ہونے والے ہر حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور اگر ایران نے دوبارہ حملہ کیا تو امریکا اس سے 20 گنا زیادہ سخت جواب دے گا۔
صدر ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران نے ٹیلی فون کے ذریعے رابطہ کر کے معاہدہ کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ایرانی جانب سے کس اہلکار نے کس امریکی اہلکار سے رابطہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم نہیں کہ رابطہ کرنے والے ایرانی اہلکار بااختیار ہیں یا نہیں اور نہ ہی اس بات کا یقین ہے کہ ایران کسی ممکنہ معاہدے پر عمل کرے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی ہٹ لسٹ میں سرفہرست ہوں تاہم امریکا ایران کے خلاف پہلے ہی کامیابی حاصل کر چکا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کا حالیہ رویہ معمول سے مختلف ہے اور تہران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران نے مستقبل میں کسی قسم کی جارحیت کی تو امریکا کا ردعمل پہلے سے کہیں زیادہ سخت ہوگا۔