ایران جب تک معاہدہ نہیں کرتا ریلیف کی کوئی بات نہیں ہوسکتی، ڈونلڈ ٹرمپ
اگر معاہدہ نہ ہوا تو ایران جانتا ہے کہ پھر کیا ہوگا، امریکی صدر
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی بحری ناکہ بندی کر رکھی ہے جو کارگر ہے، ایران جب تک معاہدہ نہیں کرتا ریلیف کی کوئی بات نہیں ہوسکتی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کہتے ہیں کہ ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے نہیں دیں گے اور اگر معاہدہ نہ ہوا تو ایران جانتا ہے کہ پھر کیا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی ہلاکت سے بہتر ہے کہ معاہدے کے لیے چند روز انتظار کیا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جن افراد سے بات چیت جاری ہے وہ معاہدہ کرلیں گے کیونکہ ایران کے لیے یہی بہتر راستہ ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران مکمل طور پر شکست کھا چکا ہے اور اب اس کے پاس معاہدے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ اگر ایران سے درست جواب نہ ملا تو امریکا تیزی سے آگے بڑھے گا اور ہر قسم کی کارروائی کے لیے الرٹ ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحری ناکہ بندی کی گئی ہے جو مؤثر ثابت ہورہی ہے۔ ایران اپنے جہاز نہیں نکال سکا جب کہ 37 جہازوں کو روکا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ معاہدہ ہونے تک ایرانی ٹینکرز کو جانے نہیں دیا جائے گا اور اس وقت تک کسی ریلیف کی بات بھی نہیں ہوسکتی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے موجودہ لوگ کافی سمجھدار ہیں جب کہ نائب صدر جے ڈی وینس اہم معاملات پر کام کررہے ہیں۔
کیوبا سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہاں کے لوگ مشکلات کا شکار ہیں، دیکھتے ہیں ان کے لیے کیا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیوبا کے عوام بہترین اور ان کے دوست ہیں، امریکا کیوبا کے لوگوں کی مدد کرے گا اور انہیں مشکلات سے آزاد کرانے کی کوشش کرے گا۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کیوبا کی حکومت وہاں اپنا کنٹرول کھوچکی ہے۔
