ترکیہ میں فائرنگ؛ 4 افراد جاں بحق اور 8 زخمی
پولیس نے واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
ترکی کے جنوبی علاقے میں ایک مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جب کہ آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ترکیہ کے صوبہ مرسین کے ضلع ترسوس میں پیش آیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کا آغاز ایک ریسٹورنٹ سے ہوا جہاں حملہ آور نے اچانک لوگوں پر گولیاں چلادیں۔
ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ ریسٹورنٹ کے اندر دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جن میں ریسٹورنٹ کا مالک اور ایک ملازم شامل ہے۔
حملہ آور بعد ازاں موقع سے فرار ہوگیا اور گاڑی میں بیٹھ کر علاقے میں مزید فائرنگ کرتا رہا۔ اسی دوران اس نے قریبی علاقے میں چرواہے پر بھی فائرنگ کی جو اپنی بھیڑیں چرا رہا تھا جس سے اس کی موت ہوگئی۔
علاوہ ازیں ایک ٹرک ڈرائیور بھی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا جب کہ مجموعی طور پر آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق حملہ آور کی شناخت اور اس کے محرکات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکے۔ پولیس نے واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور قریبی راستوں پر ناکہ بندی بھی کردی گئی ہے تاکہ ملزم فرار نہ ہوسکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں اور جلد حملہ آور کو گرفتار کرلیا جائے گا۔