محسن نقوی کو آئی سی سی بورڈ میٹنگ و آئی پی ایل فائنل کا دعوت نامہ موصول
آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کا ورچوئل اجلاس 21 مئی کو ہو گا
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو بھارت میں ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ اور آئی پی ایل فائنل کا دعوت نامہ موصول ہو گیا تاہم محسن نقوی کی اجلاس میں شرکت کا حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد کیا جائے گا۔
محسن نقوی کو حکومت کی جانب سے بھارت جانے کی اجازت نہ ملی تو چیئرمین پی سی بی اجلاس میں ورچوئلی شرکت کریں گے۔
آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کا ورچوئل اجلاس 21 مئی کو ہو گا جبکہ بورڈ میٹنگ 30 اور 31 مئی کو بھارت کے شہر احمد آباد میں ہو گی۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے نئے فارمیٹ پر دوبارہ غور متوقع ہے اس میں زمبابوے، آئرلینڈ اور افغانستان کو میں شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے سابق نیوزی لینڈ بیٹر راجر ٹووز کی سربراہی میں ورکنگ گروپ نے اس حوالے سے سفارشات تیار کر لی ہیں۔
ممکنہ تجاویز کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کو 12 ٹیموں تک توسیع دی جا سکتی ہے اور ایک ٹیسٹ میچ پر مشتمل سیریز کو بھی پوائنٹس دینے کی بات زیر غور ہے موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں 9 فل ممبرز ٹیمیں شریک ہیں۔
آئی سی سی کے موجودہ فیچر ٹورز پروگرام کا اختتام مارچ 2027 میں ہوگا جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل جون 2027 میں انگلینڈ میں شیڈول ہے۔ آئی سی سی بورڈ میٹنگ 30 اور 31 مئی کو احمد آباد میں ہوگی۔
یاد رہے کہ دوحہ میں شیڈول آئی سی سی اجلاس مشرق وسطیٰ کشیدگی کے باعث ملتوی ہوئے تھے۔