چینی مالیاتی مارکیٹ میں تاریخی کامیابی؛ پاکستان نے پہلی بار پانڈا بانڈ جاری کردیا
پانڈا بانڈ کے لیے سرمایہ کاروں کی جانب سے 8 ارب 80 کروڑ آر ایم بی سے زیادہ دلچسپی ظاہر کی گئی، وزارت خزانہ
پاکستان نے پہلی مرتبہ چین کی آن شور کیپیٹل مارکیٹ میں پانڈا بانڈ کامیابی کے ساتھ جاری کردیا ہے جسے وزارت خزانہ نے ملکی معیشت اور عالمی مالیاتی اعتماد کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کا ایک ارب 75 کروڑ آر ایم بی مالیت کا پہلا پانڈا بانڈ غیر معمولی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہا اور اسے پانچ گنا سے زائد اوور سبسکرائب کیا گیا۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ پانڈا بانڈ کے لیے سرمایہ کاروں کی جانب سے 8 ارب 80 کروڑ آر ایم بی سے زیادہ دلچسپی ظاہر کی گئی جو عالمی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کے پاکستان کی معاشی بحالی اور اصلاحاتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان نے یہ پانڈا بانڈ 2.5 فیصد کی کم ترین مسابقتی شرح پر جاری کیا جسے عالمی مالیاتی مارکیٹ میں ایک بڑی کامیابی تصور کیا جارہا ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ چین کی دوسری بڑی اور گہری مالیاتی مارکیٹ میں پاکستان کا داخلہ تاریخی پیش رفت ہے جب کہ پہلے پانڈا بانڈ کی طلب پاکستان کے مجموعی ایک ارب ڈالر پروگرام سے بھی زیادہ رہی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پانڈا بانڈ کا کامیاب اجرا عالمی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کی مؤثر واپسی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت ہے۔
