شاہین آفریدی نے اہم سنگ میل عبور کرلیا، پاکستانی بولرز کی ایلیٹ لسٹ میں شامل
اس فہرست میں سابق کپتان عمران خان، وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے لیجنڈری نام پہلے سے موجود ہیں۔
ڈھاکا: قومی ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کرلیا اور بین الاقوامی کرکٹ میں 400 وکٹیں مکمل کرنے والے پاکستان کے نمایاں بولرز کی فہرست میں شامل ہوگئے۔
شیرِ بنگلانیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے دوران شاہین آفریدی نے بنگلادیشی بیٹر مومن الحق کو آؤٹ کرکے اپنے کیریئر کی 400 ویں بین الاقوامی وکٹ حاصل کی۔
اس سنگ میل کے بعد 26 سالہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر پاکستان کے اُن چند تیز گیند بازوں میں شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے عالمی کرکٹ میں 400 یا اس سے زائد شکار کیے ہیں۔
Landmark figure reached by the left-arm pacer 🦅@iShaheenAfridi becomes the 9️⃣th Pakistan bowler to register 4️⃣0️⃣0️⃣ international wickets 🙌💫#BANvPAK pic.twitter.com/MTfmpLdqok
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 11, 2026
اس فہرست میں سابق کپتان عمران خان، وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے لیجنڈری نام پہلے سے موجود ہیں۔
شاہین آفریدی نے یہ کارنامہ اپنے کیریئر کی 211 ویں اننگز میں انجام دیا جب کہ وہ اب پاکستان کی جانب سے تمام فارمیٹس میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں نویں نمبر پر آگئے ہیں۔
پاکستان کے لیے سب سے زیادہ بین الاقوامی وکٹیں لینے کا اعزاز سابق کپتان وسیم اکرم کے پاس ہے جنہوں نے 916 شکار کیے جب کہ وقار یونس 789 اور عمران خان 544 وکٹوں کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
دیگر نمایاں بولرز میں شاہد آفریدی، ثقلین مشتاق، سعید اجمل، شعیب اختر اور عمر گل شامل ہیں۔
