اٹلی، ایوی ایشن شعبے کی ہڑتال کے باعث فضائی نظام مفلوج، سیکڑوں پروازیں منسوخ
نیپلز میں بھی ENAV کے اہلکاروں نے آٹھ گھنٹے کی ہڑتال میں حصہ لیا جس سے ملک کے فضائی نظام پر دباؤ مزید بڑھ گیا
اٹلی میں ایوی ایشن شعبے کی ملک گیر ہڑتال کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہوگیا قومی فضائی کمپنی آئی ٹی اے ایئرویز نے اپنی تقریباً 38 فیصد پروازیں منسوخ کر دیں جبکہ مختلف ایئرپورٹس پر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اطالوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولرز، ایئرپورٹ سیکیورٹی عملے اور مختلف ایئرلائنز کے پائلٹس و کیبن کریو نے مشترکہ احتجاج کرتے ہوئے کام چھوڑ دیا، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں فلائٹ شیڈول بری طرح متاثر ہوا۔
اٹلی کے فضائی نیوی گیشن ادارے ENAV کے ملازمین نے روم کنٹرول سینٹر میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہڑتال کی، جس سے وسطی اٹلی آنے اور جانے والی بیشتر پروازیں متاثر ہوئیں جبکہ اطالوی فضائی حدود سے گزرنے والی بین الاقوامی پروازوں کو بھی مشکلات پیش آئیں۔
نیپلز میں بھی ENAV کے اہلکاروں نے آٹھ گھنٹے کی ہڑتال میں حصہ لیا جس سے ملک کے فضائی نظام پر دباؤ مزید بڑھ گیا۔
دوسری جانب روم کے فیومیچینو اور چیامپینو ایئرپورٹس پر سیکیورٹی عملے نے بھی احتجاج کیا، جس کے باعث مسافروں کی اسکریننگ اور ہینڈ کیری سامان کی چیکنگ کا عمل متاثر رہا۔
پالرمو ایئرپورٹ پر گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنیوں کے ملازمین نے بھی کام بند رکھا، جبکہ ایزی جیٹ کے پائلٹس اور کیبن کریو کی ہڑتال نے تاخیر اور پروازوں کی منسوخی میں مزید اضافہ کر دیا۔
ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی پروازوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔
