بھارت خفیہ مداخلت اور اثرو رسوخ استعمال کررہا ہے، کینڈین انٹیلی جنس رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشاف

بھارت خفیہ مداخلت اور اثرو رسوخ استعمال کررہا ہے، کینڈین انٹیلی جنس رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشاف

رپورٹ میں خالصتان تحریک کی حمایت کو کینیڈا کے قانون کے تحت ایک قانونی سیاسی سرگرمی قرار دیا گیا۔

اوٹاوا: کینیڈین پارلیمنٹ میں پیش کی گئی انٹیلی جنس رپورٹ میں بھارت پر کینیڈا کے اندر خفیہ مداخلت اور اثرورسوخ استعمال کرنے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

کینیڈین سیکیورٹی انٹیلی جنس سروس کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کردی گئی جس میں بھارت کی جانب سے کینیڈا کے اندر مبینہ خفیہ سرگرمیوں اور سیاسی اثراندازی سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی حکام نے مختلف سیاسی شخصیات، صحافیوں اور سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد پر خفیہ طور پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جب کہ کینیڈین سیاستدانوں سے خفیہ روابط قائم کرکے اپنے مفادات آگے بڑھانے کی کوششیں بھی کی گئیں۔

انٹیلی جنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے ناقدین کو خاموش کرانے اور خوف کی فضا پیدا کرنے کے لیے نگرانی اور دباؤ کے مختلف حربے استعمال کیے۔

رپورٹ میں خالصتان تحریک کی حمایت کو کینیڈا کے قانون کے تحت ایک قانونی سیاسی سرگرمی قرار دیا گیا ہے۔ کینیڈین انٹیلی جنس ادارے کے مطابق غیر پُرتشدد انداز میں خالصتان کی حمایت کو دہشت گردی نہیں سمجھا جاتا۔

رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ بھارتی حمایت یافتہ بشنوئی گروہ، جرائم پیشہ نیٹ ورکس اور عالمی جرائم پیشہ تنظیمیں کینیڈا کے لیے ایک بڑا سیکیورٹی خطرہ بن چکی ہیں۔

کینیڈین حکام کے مطابق بھارت سے متعلق تشویش صرف سیاسی نوعیت کی نہیں بلکہ یہ انٹیلی جنس اور قومی سلامتی کا معاملہ بھی بن چکا ہے۔

واضح رہے کہ یہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد کینیڈا اور بھارت کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات میں مزید تناؤ پیدا ہونے کا امکان ہے۔

Related posts

متحدہ عرب امارات کے اسکولوں میں دور دراز کی تعلیم: وزارت اتوار کو فیصلہ کرے گی۔

فلسطین میں مردہ قرار دیا گیا نوجوان ڈیڑھ سال بعد زندہ مل گیا

آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی قسط منظور کرلی