امریکا کا جزیرہ قشم اور بندرگاہ بندر عباس پر حملہ؛ ایران کا بھرپور جوابی کارروائی کا دعویٰ
ایرانی فورسز کی جوابی کارروائی میں امریکی نیوی کو نقصان اٹھانا پڑا
امریکا نے ایران کے جزیرہ قشم اور بندرگاہ بندر عباس پر حملہ کردیا جس کے بعد ایرانی فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کا دعویٰ کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی فورسز نے امریکی حملے کے بعد فوری ردعمل دیتے ہوئے مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔
دوسری جانب ایک امریکی ٹی وی چینل نے سینئر امریکی عہدیدار کے حوالے سے کہا کہ اس حملے کو جنگ کے دوبارہ آغاز یا جنگ بندی کے خاتمے کے طور پر نہ دیکھا جائے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس شہر میں ہونے والے دھماکے فضائی دفاعی نظام کی کارروائی کا نتیجہ تھے جہاں ایرانی فورسز نے دو چھوٹے ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا۔
ایرانی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکی فورسز نے ایک ایرانی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا جس کے جواب میں ایرانی فورسز نے دشمن کے یونٹس پر میزائل داغے۔
حکام کے مطابق ایرانی حملوں کے بعد امریکی یونٹس کو علاقے سے پیچھے ہٹنا پڑا۔
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فورسز کی جوابی کارروائی میں امریکی نیوی کو نقصان اٹھانا پڑا جس کے بعد امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز سے پسپائی اختیار کی۔
