ایران ڈیل چاہتا ہے مگر ایٹمی ہتھیار کی اجازت نہیں دیں گے؛ ڈونلڈ ٹرمپ
دو سال قبل دنیا امریکا پر ہنستی تھی لیکن اب حالات بدل چکے ہیں، امریکی صدر
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں مدرز ڈے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکا سے مذاکرات اور معاہدہ کرنا چاہتا ہے تاہم ایران کو ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس حوالے سے سخت مؤقف برقرار رہے گا۔
وائٹ ہاؤس میں منعقدہ مدرز ڈے تقریب سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہتے ہیں کہ ایران کے ساتھ معاملات آسانی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور وہ معاہدہ کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاس دنیا کی سب سے مضبوط فوج ہے اور اپنی پہلی صدارتی مدت کے دوران انہوں نے فوج کو مزید مستحکم بنایا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف فوجی اقدامات کا مقصد اسے ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا تھا کیونکہ امریکا کسی صورت ایران کو ایٹمی طاقت بننے کی اجازت نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اب دیکھنا ہوگا کہ ایران کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز امریکا کو مطمئن کرتی ہیں یا نہیں اور آیا تہران کسی معاہدے پر راضی ہوتا ہے یا نہیں۔
امریکی صدر نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ان کی پوری ٹیم بہترین انداز میں کام کر رہی ہے جب کہ نائب صدر جے ڈی وینس بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی ناکہ بندی انتہائی مضبوط ہے جسے توڑنا ممکن نہیں اور یہی دباؤ ایران کو مذاکرات کی طرف لے کر آیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دو سال قبل دنیا امریکا پر ہنستی تھی لیکن اب حالات بدل چکے ہیں اور عالمی سطح پر امریکا کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔
