امریکی صدر کی ایران کو معاہدہ نہ ماننے پر پھر بمباری کی دھمکی
اگر تہران نے امریکی شرائط قبول نہ کیں تو اس کے خلاف مزید سخت اور شدید حملے کیے جائیں گے، امریکی صدر
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے شرائط تسلیم نہ کیں تو مزید شدت کے ساتھ کارروائیاں کی جائیں گی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے ایک بار پھر سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران نے امریکی شرائط قبول نہ کیں تو اس کے خلاف مزید سخت اور شدید حملے کیے جائیں گے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر ایران شرائط تسلیم کرلیتا ہے تو جاری فوجی کارروائی ’’آپریشن ایپک فیوری‘‘ ختم کردی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ ایسی صورت میں آبنائے ہرمز ایران سمیت تمام ممالک کے لیے کھول دی جائے گی۔
دوسری جانب امریکی صدر نے ایک انٹرویو میں ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال براہ راست بات چیت کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
نیویارک پوسٹ سے گفتگو میں جب ان سے سوال کیا گیا کہ آیا امریکا ایران مذاکرات کے لیے دوبارہ پاکستان جاسکتا ہے تو ٹرمپ نے جواب دیا کہ اس بارے میں بھی ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اندازہ لگانا قبل از وقت ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ براہ راست مذاکرات ہوں گے یا نہیں تاہم صورتحال مسلسل بدل رہی ہے۔