پی ایس ایل 11 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ سامنے آگئی، ایک ٹیم مکمل آؤٹ
پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کے تین، تین کھلاڑیوں نے جگہ بنا کر واضح برتری حاصل کی
لاہور سے بڑی خبر سامنے آئی ہے جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا اور اس بار بھی سب سے بڑی توجہ چیمپئن کپتان بابر اعظم پر جا ٹھہری۔
فاتح ٹیم پشاور زلمی کے قائد بابر اعظم کو نہ صرف ٹیم میں شامل کیا گیا بلکہ انہیں شاندار بیٹنگ اور زبردست قیادت کے اعتراف میں پوری ٹیم کی کپتانی بھی سونپ دی گئی۔ بابر نے پورے ٹورنامنٹ میں مستقل مزاج کارکردگی دکھا کر ایک بار پھر اپنی کلاس ثابت کی۔
ٹیم کی تشکیل پر نظر ڈالیں تو پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کے تین، تین کھلاڑیوں نے جگہ بنا کر واضح برتری حاصل کی جبکہ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو، دو کھلاڑی بھی منتخب ہوئے۔ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ایک، ایک کھلاڑی ٹیم میں شامل کیا گیا۔
تاہم سب سے حیران کن اور چونکا دینے والی بات یہ رہی کہ راولپنڈی کی ٹیم کا ایک بھی کھلاڑی اس بہترین بارہ رکنی اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکا، جس نے شائقین کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
