پی ایس ایل 11؛ فائنل سے قبل شاندار اختتامی تقریب کی تیاریاں مکمل، بڑے فنکار پرفارم کریں گے
تقریب میں عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔
لاہور میں پی ایس ایل 11 کے گرینڈ فائنل سے قبل رنگارنگ اختتامی تقریب کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں جہاں ملک کے نامور گلوکار شائقین کو محظوظ کریں گے۔
لاہور میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ 11 کے گرینڈ فائنل کے لیے شاندار تیاریاں جاری ہیں جب کہ اختتامی تقریب کو یادگار بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
تقریب میں عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز اپنی پرفارمنس پیش کریں گے جب کہ آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی تقریب کا حصہ ہوگا۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں فائنل میچ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر، پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، متعلقہ ڈائریکٹرز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران اختتامی تقریب کو حتمی شکل دے دی گئی جب کہ چیئرمین پی سی بی نے ہدایت کی کہ میگا ایونٹ کے لیے ہر سطح پر بہترین اور شاندار انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ شائقین کرکٹ کی سہولت کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے اور انہیں بہترین تجربہ فراہم کیا جائے۔
انہوں نے شائقین کو ہدایت کی کہ وہ شاندار اختتامی تقریب سے بھرپور لطف اندوز ہونے کے لیے شام 6 بجے تک اسٹیڈیم پہنچنا یقینی بنائیں۔