آبنائے ہرمز کھولنے کی شرائط قبول نہیں، بھتہ خوری کی اجازت نہیں دیں گے، امریکا
امریکا اس بات پر قائم ہے کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے عائد کی جانے والی شرائط کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کھولنے کی شرائط قبول نہیں، بھتہ خوری کی اجازت نہیں دیں گے۔
فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مارکو روبیو نے کہا کہ جہازوں کی گزرگاہ کے لیے ایران سے اجازت لینا اور مبینہ طور پر رقوم کی ادائیگی کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا اس طرز عمل کو ”اقتصادی دباؤ یا بلیک میلنگ“کے مترادف سمجھتا ہے اور اسے برداشت نہیں کرے گا۔
مارکو روبیو نے مزید کہا کہ امریکا اس بات پر قائم ہے کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر معاہدہ نہ بھی ہو سکا تو ایران پر دباؤ برقرار رکھا جائے گا۔
انہوں نے ایرانی مذاکراتی عمل کو پیچیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے اندر کچھ عناصر ایسے ہیں جو کسی ممکنہ ڈیل کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں جبکہ بعض حلقے ملک اور معیشت کو مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔
دوسری جانب امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی بعض تجاویز کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا تاہم انہوں نے ایرانی نیت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور جوہری معاملے کو مذاکرات میں شامل نہ کرنے پر ناراضی ظاہر کی ہے۔
سی این این کے مطابق فریقین کے درمیان پس پردہ سفارتی رابطے جاری ہیں اور ممکنہ معاہدے کے لیے مرحلہ وار پیش رفت کی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔
