پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے کوالیفائر اور دونوں ایلیمنیٹرز کے لیے میچ آفیشلز پینل کا اعلان کردیا۔
پی سی بی کے مطابق آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری سر رچی رچرڈسن 28 اپریل کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے جانے والے کوالیفائر میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ یہ رواں سیزن میں بطور میچ ریفری ان کا ڈیبیو سیزن ہے اور کوالیفائر ان کا ٹورنامنٹ میں دسواں میچ ہوگا۔
کوالیفائر میں نیوزی لینڈ کے کرس گیفنی اور انگلینڈ کے ایلکس وارف آن فیلڈ امپائر ہوں گے جبکہ دونوں کا تعلق آئی سی سی کے انٹرنیشنل ایلیٹ پینل آف امپائرز سے ہے اس میچ کے لیے فیصل خان آفریدی کو تھرڈ امپائر اور ذوالفقار جان کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔
دونوں ایلیمنیٹرز میں سری لنکا کے تجربہ کار روشان مہانامہ میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے، جو پی ایس ایل کے ہر ایڈیشن میں یہ ذمہ داری نبھاتے آئے ہیں۔ وہ اب تک لیگ کے 127 میچز میں بطور میچ ریفری خدمات انجام دے چکے ہیں۔
29 اپریل کو لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ایلیمنیٹر میں حیدر آباد کنگز مین اور ملتان سلطانز کے درمیان مقابلہ ہوگا جس میں بنگلادیش کے شاہد سیکت اور پاکستان کے آصف یعقوب آن فیلڈ امپائر ہوں گے۔ اس میچ میں راشد ریاض تھرڈ امپائر جبکہ ناصر حسین فورتھ امپائر ہوں گے۔
دوسرے ایلیمنیٹر کے لیے احسن رضا اور شاہد سیکت کو آن فیلڈ امپائر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ آصف یعقوب تھرڈ اور راشد ریاض فورتھ امپائر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
پی سی بی کے مطابق تمام آفیشلز کا تقرر ان کے تجربے اور بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
