وزیراعظم نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی
شائقین میچز کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں، وزیر اعظم کی تلقین
لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایس ایل کے پلے آف میچز میں بھی شائقین کی اجازت دے دی ہے۔
پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں شائقین کی شرکت سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مقابلوں میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے یہ بھی تلقین کی گئی ہے کہ شائقین میچز کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ ایندھن کے کم استعمال کو یقینی بنائیں جب کہ وزیراعظم نے قومی کفایت شعاری مہم کے تحت سفر میں احتیاط برتنے کی بھی ہدایت کی۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے چاروں ٹیموں کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی تھی جس میں سیکیورٹی صورتحال اور انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں شائقین کی واپسی کا مطالبہ مسلسل جاری تھا جس کے بعد یہ پیش رفت سامنے آئی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نے اس سے قبل پی ایس ایل 11 کے فائنل کے لیے شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی تھی۔
