پی ایس ایل 11، چیپمین کی ناقابلِ شکست اننگز کی بدولت یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز پر قابو پا لیا
اس سے قبل ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 192 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔
پاکستان سپر لیگ 11 کے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر اہم کامیابی اپنے نام کرلی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں 193 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ہدف 19ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
ٹیم کی کامیابی میں مارک چیپمین نے کلیدی کردار ادا کیا، جنہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 69 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
کپتان شاداب خان نے 36 رنز بنا کر ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا، جبکہ محسن رضا (25)، ڈیون کونوے (18) اور حیدر علی (13) نے بھی اپنا حصہ ڈالا۔ آخر میں فہیم اشرف اور سمیر منہاس مختصر اسکور کے ساتھ آؤٹ ہوئے، جبکہ کرس گرین 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 192 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ شان مسعود 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ عرفات منہاس (31)، صاحبزادہ فرحان (30) اور اسٹیو اسمتھ (30) نے بھی قابل ذکر اننگز کھیلیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بولنگ میں اجتماعی کارکردگی دیکھنے میں آئی، جہاں عماد وسیم، کرس گرین، فہیم اشرف، شاداب خان، سلمان ارشاد اور سلمان مرزا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب ملتان سلطانز کے بولرز میں فیصل اکرم نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ پیٹر سڈل، محمد اسمعیلl، محمد عمران اور محمد وسیم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔