وائٹ ہاؤس واقعے کے بعد ٹرمپ نے نئے سیکیور بال روم کو ناگزیر قرار دے دیا
اس بال روم کی ساخت ایسی ہوگی کہ اس کے اوپر کوئی کمرہ نہیں ہوگا، امریکی صدر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ شب پیش آنے والے واقعے کو بنیاد بناتے ہوئے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں ایک جدید اور محفوظ بال روم کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ فوج، سیکرٹ سروس اور مختلف ادوار کے صدور گزشتہ ڈیڑھ صدی سے ایک محفوظ بال روم کی تعمیر کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں، تاہم اب جا کر اس منصوبے کو عملی شکل دی جا رہی ہے۔
ٹرمپ کے مطابق اگر وائٹ ہاؤس میں زیرِ تعمیر یہ خفیہ بال روم پہلے سے موجود ہوتا تو حالیہ واقعہ پیش نہ آتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیا بال روم جدید ترین سیکیورٹی فیچرز سے لیس ہوگا اور اسے دنیا کی محفوظ ترین عمارتوں میں شمار کیا جائے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس بال روم کی ساخت ایسی ہوگی کہ اس کے اوپر کوئی کمرہ نہیں ہوگا، جس سے غیر متعلقہ یا غیر محفوظ افراد کے داخلے کے امکانات مکمل طور پر ختم ہو جائیں گے۔
انہوں نے بال روم منصوبے کے خلاف ایک خاتون کی جانب سے دائر مقدمے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے فوری طور پر مسترد کرنے کا مطالبہ کیا، اور واضح کیا کہ اس منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ بال روم کی تعمیر مقررہ بجٹ کے اندر رہتے ہوئے تیزی سے جاری ہے اور اسے طے شدہ وقت سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔
