ایران میں شہریوں سے بجلی کی بچت کی اپیل
حکومت عوام سے کسی قربانی کا مطالبہ نہیں کررہی، مسعود پزشکیان
تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے شہریوں سے بجلی کی بچت کی اپیل کرتے ہوئے احتیاطی اقدامات پر زور دیا ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے شہریوں سے بجلی کے استعمال میں احتیاط برتنے اور توانائی کی بچت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں عوامی سطح پر شعور اور ذمہ داری کی ضرورت ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ دشمن ملک کی بنیادی تنصیبات کو نشانہ بنارہا ہے اور صورتحال کو اس انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ عوام میں بے چینی اور اضطراب پیدا ہو۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر کی کوشش ہے کہ ملک کو گھیر کر اندرونی طور پر افراتفری کی فضا پیدا کی جائے تاہم عوام کو ایسے حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
مسعود پزشکیان نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ملک میں کسی قسم کی بدامنی یا افراتفری کے پھیلاؤ میں کردار ادا نہ کریں اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت عوام سے کسی قربانی کا مطالبہ نہیں کررہی، صرف یہ درخواست ہے کہ توانائی کے استعمال میں احتیاط برتی جائے۔
ایرانی صدر نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ شہری اپنے گھروں میں غیر ضروری طور پر زیادہ بلب جلانے کے بجائے صرف ضرورت کے مطابق استعمال کریں جیسے 10 بلب کی جگہ 2 بلب جلائے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ معمولی احتیاطی اقدامات سے نہ صرف قومی توانائی کی بچت ممکن ہے بلکہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی۔
