آبنائے ہرمز میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ امریکی و اسرائیلی جارحیت ہے، عباس عراقچی
دیگر ممالک بھی امریکی اور اسرائیلی حملوں کی واضح الفاظ میں مذمت کریں
تہران: ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ خلیجِ فارس اور آبنائے ہرمز میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ امریکی اور اسرائیلی جارحیت ہے۔
جنوبی کوریا کے خصوصی ایلچی نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال اور علاقائی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران عباس عراقچی نے ایران کے مؤقف سے وفد کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی اقدامات خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام کا باعث بن رہے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ دیگر ممالک بھی امریکی اور اسرائیلی حملوں کی واضح الفاظ میں مذمت کریں۔ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی بنیادی وجہ اسی جارحیت پر مبنی پالیسیاں ہیں۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات کے نتائج کی ذمہ داری متعلقہ جارح قوتوں پر عائد ہوتی ہے اور خطے میں امن و استحکام کیلئے بین الاقوامی برادری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کے خصوصی ایلچی نے خطے میں کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا۔
