امریکا ناقابلِ اعتماد، نئے مذاکراتی دور میں شرکت کا کوئی ارادہ نہیں، ایران
ایران نے دوسرے دور کے مذاکرات کے لیے اپنے وفد کی پاکستان روانگی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا
تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ کسی نئے مذاکراتی دور میں شرکت کا ارادہ نہیں رکھتا جب کہ موجودہ حالات میں واشنگٹن سے بات چیت بھی ممکن نہیں۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے دوسرے دور کے مذاکرات کے لیے اپنے وفد کی پاکستان روانگی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، امریکا نے ایرانی جہاز پر حملہ کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے جس کے بعد سفارتی ماحول مزید خراب ہوا ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ کسی نئے مذاکراتی دور کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں اور نہ ہی فی الحال بات چیت کی کوئی گنجائش موجود ہے۔ امریکی پالیسیاں مسلسل غلطیوں پر مبنی ہیں جن کے خطے پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا متضاد بیانات دے رہا ہے جب کہ ایران نے ہمیشہ ایک واضح اور مستقل مؤقف اپنایا ہے، امریکی اقدامات خطے میں استحکام کے بجائے مزید کشیدگی کو بڑھا رہے ہیں۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں ثالثی کرنے والے فریق کو بھی امریکی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا ہے جبکہ ایران نے اسلام آباد مذاکرات میں ایک 10 نکاتی تجویز پیش کی تھی جس پر غور کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنے قومی مفادات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور مسلح افواج کسی بھی ممکنہ حملے کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ امریکا ماضی کے معاہدوں کی پاسداری نہیں کرتا اور اس کی موجودہ پالیسیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ سفارت کاری میں سنجیدہ نہیں۔ ایران خطے میں امن اور استحکام کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے تاہم موجودہ امریکی رویہ حالات کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے۔
