لبنان اور اسرائیل جنگ بندی کا پہلا دن، شہری سڑکوں پر نکل آئے، بیروت نعروں سے گونج اٹھا
حامیوں کی بڑی تعداد نے حزب اللہ کے حق میں نعرے لگائے اور اسے اپنی کامیابی قرار دیا
لبنان اور اسرائیل کے درمیان دس روزہ جنگ بندی کے باضابطہ آغاز کے بعد خطے میں وقتی سکون کی فضا قائم ہو گئی ہے، جبکہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر اس پیش رفت کا بھرپور خیرمقدم کیا۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جیسے ہی سیزفائر نافذ ہوا، بیروت کی فضا جشن میں بدل گئی۔ لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، خوشی کا اظہار کیا گیا جبکہ کچھ علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ عوام نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ یہ جنگ بندی دیرپا امن کی بنیاد بن سکتی ہے۔
إطلاق نار في الضاحية الجنوبية لبيروت ابتهاجًا بدخول وقف إطلاق النار حيز التنفيذ في لبنان، pic.twitter.com/UB7lrAGhfK
— إيران بالعربية (@iraninarabic_ir) April 16, 2026
ادھر ایران کے دارالحکومت تہران میں بھی اس پیش رفت پر ردعمل دیکھنے میں آیا، جہاں حامیوں کی بڑی تعداد نے حزب اللہ کے حق میں نعرے لگائے اور اسے اپنی کامیابی قرار دیا۔
ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قاآنی نے اپنے بیان میں کہا کہ حالیہ جنگ بندی دراصل مزاحمتی قوتوں کی کامیابی ہے، جس میں لبنان کے عوام اور ایران کی حمایت نے اہم کردار ادا کیا۔
ماہرین کے مطابق یہ سیزفائر اگرچہ عارضی نوعیت کا ہے، تاہم اس سے کشیدگی میں کمی کا امکان پیدا ہوا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر دونوں فریق سنجیدگی سے معاہدے کی پاسداری کریں تو یہ پیش رفت مستقبل میں مستقل امن کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔
