پی ایس ایل 11، حیدرآباد کنگز مین نے راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
راولپنڈی کی جانب سے آصف آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں
پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں 24ویں میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں حیدرآباد کے کپتان مارنس لبوشین نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو بعد میں درست ثابت ہوا۔
راولپنڈی کی ٹیم بیٹنگ میں مشکلات کا شکار رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 121 رنز بنا سکی۔ سام بلنگز26 اور یاسر خان 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
حیدرآباد کی جانب سے محمد علی اور حنین شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کر کے حریف بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا، جبکہ گلین میکسویل اور آصف محمود نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں حیدرآباد کنگزمین نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 122 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں ہی 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عرفان خان نیازی 34 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے جبکہ کپتان مانوس نے 32 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
راولپنڈی کی جانب سے آصف آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عامر اور سعد مسعود نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، تاہم یہ کوشش ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔