ٹرمپ ایران کے ساتھ چھوٹی نہیں بلکہ جامع ڈیل چاہتے ہیں، جے ڈی وینس
امریکی نوجوانوں کی بڑی تعداد مشرق وسطیٰ سے متعلق موجودہ پالیسیوں سے مطمئن نہیں
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ چھوٹی نہیں بلکہ ایک جامع اور بڑا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں جو تمام اہم مسائل کا احاطہ کرے۔
جے ڈی وینس نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جو ایران کو اپنے پراکسی گروپس کی مالی معاونت سے روک سکے، مجھے خود صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری سونپی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی نوجوانوں کی بڑی تعداد مشرق وسطیٰ سے متعلق موجودہ پالیسیوں سے مطمئن نہیں اور حکومت اس احساس کو سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مسائل فوری طور پر حل نہیں ہو سکتے تاہم ایرانی مذاکرات کار معاہدہ کرنے میں سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔
نائب صدر نے واضح کیا کہ امریکا کا اصولی مؤقف برقرار ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئی تھی لیکن جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر ڈیڈ لاک پیدا ہو گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ اگر ایران ایک نارمل ملک کی طرح رویہ اپنائے تو امریکا بھی اسی طرح کا ردعمل دے گا۔