ایران نے خواتین فٹبال ٹیم کی کپتان کے اثاثے بحال کردیے
یہ فیصلہ ان کی طرف سے گزشتہ ماہ آسٹریلیا میں پناہ کی درخواست واپس لینے کے بعد کیا گیا ہے۔
تہران: ایرانی عدلیہ نے قومی خواتین فٹبال ٹیم کی کپتان زہرا قنبری کے ضبط کیے گئے اثاثے بحال کردیے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ ان کی طرف سے گزشتہ ماہ آسٹریلیا میں پناہ کی درخواست واپس لینے کے بعد کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زہرا قنبری ان چھ کھلاڑیوں میں شامل تھیں جنہوں نے امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے دوران خواتین ایشین کپ میں شرکت کے بعد پناہ مانگی تھی۔
بعد ازاں قنبری سمیت پانچ کھلاڑی ایران واپس آگئیں اور 19 مارچ کو تہران میں ایک تقریب میں ان کا استقبال کیا گیا۔
ایران میں عدلیہ کی نیوز ایجنسی ’’میزان‘‘ کے مطابق یہ اثاثے ’’ان کے رویے میں تبدیلی اور بے گناہی کے اعلان‘‘ کے بعد واپس کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ایرانی میڈیا نے ’’غداروں‘‘ کی فہرست جاری کی تھی جن کے اثاثے منجمد کردیے گئے تھے جب کہ خواتین فٹبالر زہرا قنبری کا نام بھی اس فہرست میں شامل تھا۔