آئرلینڈ میں ایک شخص کا امریکی طیارے پر کلہاڑی سے حملہ
حملے سے طیارے کو کافی نقصان پہنچا ہے جب کہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
شینن: آج صبح آئرلینڈ کے شینن ایئرپورٹ پر ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک شخص نے وہاں کھڑے امریکی فوجی طیارے پر کلہاڑی سے حملہ کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حملہ آج صبح ساڑھے نو بجے کے قریب ہوا۔ ملزم ایئرپورٹ کے ممنوعہ حصے میں گھس گیا اور وہاں کھڑے امریکی سی 130 ہرکیولس فوجی طیارے کے پنکھے پر چڑھ گیا۔ پھر اس نے کلہاڑی سے طیارے کے پرزے اور باڈی کو شدید نقصان پہنچایا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملے سے طیارے کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ بعد ازاں ایئرپورٹ سیکیورٹی نے اس شخص کو پکڑ کر گرفتار کرلیا ہے۔
سیکیورٹی خلاف ورزی کے بعد ایئرپورٹ کو تیس منٹ کے لیے بند کرنا پڑا۔ دو پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جب کہ ایک طیارے کو ہوا میں ہی رہنے کا حکم دیا گیا اور تقریباً بیس منٹ بعد اسے لینڈ کرنے کی اجازت ملی۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب شینن ایئرپورٹ پر سیکیورٹی خلاف ورزی ہوئی ہو۔ گزشتہ سال نومبر میں بھی ایک وین ایئرپورٹ کے ممنوعہ علاقے میں گھس آئی تھی جس کے بعد تین افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
اس سے قبل مئی میں بھی دو بار ایسے واقعات پیش آچکے ہیں جن میں ایک بار پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا تھا۔ فی الحال پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
