امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران سے مذاکرات کیلیے پاکستان روانہ
اگر ایران نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہوتا ہے تو امریکہ بھی اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھے گا، امریکی نائب صدر
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستان روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ سنجیدہ اور تعمیری مذاکرات کا خواہاں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مقصد ایران کے ساتھ مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت کو آگے بڑھانا ہے۔ ان کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی گئی ہدایات اور گائیڈ لائنز کے تحت وہ ان مذاکرات میں شرکت کر رہے ہیں۔
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ اگر ایران نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہوتا ہے تو امریکہ بھی اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات خطے میں بہتری کی طرف اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔
امریکی نائب صدر اسلام آباد کے لیے روانہ ہو چکے ہیں جہاں امریکہ اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات متوقع ہیں۔ ان مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت جے ڈی وینس کریں گے، جبکہ اسٹیو وٹکوف اور جیریڈ کشنر بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔
