لبنان پر حملے جاری رہے تو جنگ بندی سے دستبردار ہوجائیں گے، ایران نے خبردار کردیا
جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بعد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل کے ٹینکرز کو بھی روک دیا گیا ہے، فارس نیوز ایجنسی
ایران کی نیوز ایجنسی ’’تسنیم‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ کہ اگر لبنان پر حملے جاری رہے تو ایران جنگ بندی کے معاہدے سے علیحدگی اختیار کرلے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی میڈیا تسنیم نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایرانی فوج ان مقامات کی نشاندہی کررہی ہے جہاں بدھ کو اسرائیل کے لبنان پر کیے گئے حملوں کا جواب دیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ ہونے والی دو ہفتے کی جنگ بندی میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ روکنے کا معاہدہ شامل تھا۔
دوسری طرف ایران کے سرکاری چینل ’’پریس ٹی وی‘‘ نے بھی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران اسرائیل کو حزب اللہ پر حملوں کی پاداش میں سزا دے گا جسے وہ جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیل کی ’’جنگ بندی کی خلاف ورزی‘‘ کے بعد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل کے ٹینکرز کو بھی روک دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے رات گئے کہا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان ایران کے خلاف ہونے والی چھ ہفتے کی جنگ بندی کا اطلاق لبنان پر نہیں ہوتا۔ اسرائیلی فوج نے بھی کہا ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
