آج رات ایک پوری تہذیب کا خاتمہ ہو جائے گا، ٹرمپ
آج کی رات دنیا کی تاریخ کے اہم ترین لمحات میں سے ایک ہو سکتی ہے، امریکی صدر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آج تک کوئی معاہدہ نہ ہوا تو ایک پوری تہذیب آج رات ختم ہو سکتی ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے نہایت تشویشناک انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایک پوری تہذیب آج رات ختم ہو جائے گی، جو کبھی واپس نہیں آئے گی۔ میں ایسا نہیں چاہتا، مگر غالب امکان یہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کی رات دنیا کی تاریخ کے اہم ترین لمحات میں سے ایک ہو سکتی ہے اور یہ فیصلہ کن وقت ہے کہ آیا تنازع ختم ہوگا یا صورتحال مزید خطرناک رخ اختیار کرے گی۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں ایران میں مکمل اور حتمی نظام کی تبدیلی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ شاید اب نئے اور کم شدت پسند لوگ سامنے آئیں تو کچھ انقلابی طور پر بہتر بھی ہو سکتا ہے۔
انہوں نے ایران کی گزشتہ 47 سالہ تاریخ کو بدعنوانی، جبر اور موت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ شاید اب اس کا خاتمہ قریب ہے، جبکہ انہوں نے ایرانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
ٹرمپ کے اس بیان کے بعد عالمی سطح پر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور ماہرین اسے مشرق وسطیٰ میں ممکنہ بڑے تصادم کا اشارہ قرار دے رہے ہیں، جس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہو سکتے ہیں۔
