وہ وقت دور نہیں جب پی سی ایل دنیا کی نمبر ون لیگ بن جائے گی، محسن نقوی
بورڈ آف گورنرز نے پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے لیے ٹیموں کی ریکارڈ نیلامی پر اطمینان اور تشکر کا اظہار کیا
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل سرمایہ کاری کے لیے ایک بہترین مارکیٹ بن چکی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب یہ دنیا کی نمبر ون لیگ بن جائے گی۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا 82 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں اہم انتظامی اور مالی امور کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں مالی سال 2024-25 کے سالانہ آڈٹ شدہ مالیاتی اسٹیٹمنٹس کی باضابطہ منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے گلوبل اینٹی کرپشن کوڈ کے مطابق پی سی بی کے پروسیجرل رولز کی بھی منظوری دی گئی۔
بورڈ نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ جدہ میں کرکٹ اسٹیڈیم کی ڈویلپمنٹ کے لیے تعاون کے اظہارِ دلچسپی (ای او آئی) کی منظوری دی، جبکہ لاہور کے کرکٹ زونز کی جغرافیائی بنیادوں پر نئی حد بندی اور ناموں پر نظرثانی کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں عبداللہ خرم نیازی کو ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ میں نمایاں خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ عبداللہ خرم نیازی نے گزشتہ دو برسوں میں ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کے لیے دن رات محنت کی۔
بورڈ آف گورنرز نے پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے لیے ٹیموں کی ریکارڈ نیلامی پر اطمینان اور تشکر کا اظہار کیا۔ اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سرمایہ کاری کے لیے ایک بہترین مارکیٹ بن چکی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب یہ دنیا کی نمبر ون لیگ بن جائے گی۔
اجلاس میں بورڈ ممبران انوار احمد غنی، طارق سرور، عدنان ملک، سجاد کھوکھر، ظفر اللہ اور اسماعیل قریشی شریک ہوئے، جبکہ سابق کپتان ظہیر عباس اور سیکرٹری کیبنٹ نے آن لائن شرکت کی۔
اس کے علاوہ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، چیف فنانشل آفیسر، ڈائریکٹر میڈیا، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ، ڈائریکٹر کمرشل اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
