فخر زمان کی اپیل مسترد؛ پابندی برقرار
فخر زمان پر ضابطہ اخلاق کی شق 2.14 کی خلاف ورزی کا الزام تھا۔
لاہور: پی ایس ایل کی ٹیکنیکل کمیٹی نے فخر زمان کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے دو میچز پر عائد پابندی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ایس ایل ٹیکنیکل کمیٹی نے لاہور قلندرز کے کھلاڑی فخر زمان کی اپیل مسترد کردی ہے۔ کمیٹی نے فخر زمان پر عائد دو میچز کی پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ پابندی میچ ریفری روشن مہانامہ نے عائد کی تھی۔ فخر زمان پر ضابطہ اخلاق کی شق 2.14 کی خلاف ورزی کا الزام تھا۔ یہ خلاف ورزی لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران ہوئی۔
شق 2.14 گیند کی حالت میں غیر قانونی تبدیلی سے متعلق ہے۔ لیول 3 جرم پر کم از کم ایک اور زیادہ سے زیادہ دو میچز کی پابندی ہوتی ہے۔
ٹیکنیکل کمیٹی نے تمام شواہد اور دلائل کا جائزہ لیا۔ کمیٹی میں پروفیسر جاوید ملک، ڈاکٹر ممرائز نقشبند اور سید علی نقوی شامل تھے۔ ٹیکنیکل کمیٹی کا فیصلہ حتمی اور تمام فریقین پر لازم ہوگا۔