مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران فائر بریگیڈ کی گاڑی سے ٹکرا گیا، 2 پائلٹس ہلاک، متعدد زخمی
حادثے کے باعث لاگارڈیا ائیرپورٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا
امریکہ کے لاگارڈیا ائیرپورٹ پر ایک افسوسناک حادثے میں ایئر کینیڈا ایکسپریس کا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران فائر ٹرک سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹس ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق ایئر کینیڈا ایکسپریس کا سی آر جے 900 طیارہ جو علاقائی پارٹنر جاز ایوی ایشن چلا رہی تھی، مونٹریال سے نیویارک پہنچا تھا اور اس میں 72 مسافر اور 4 عملے کے ارکان سوار تھے۔
حادثے کے بعد جاز ایوی ایشن اور پورٹ اتھارٹی آف نیویارک اینڈ نیو جرسی نے تصدیق کی کہ پائلٹ اور فرسٹ آفیسر جاں بحق ہو گئے ہیں۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کے مطابق پورٹ اتھارٹی کے کم از کم دو فائر فائٹرز بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔
حادثے کے باعث لاگارڈیا ائیرپورٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا، جبکہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔
جاز ایوی ایشن کے صدر ڈوگ کلارک نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ایئرلائن، اس کے ملازمین اور متاثرہ خاندانوں کے لیے انتہائی مشکل ہے۔
یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب امریکی فضائی شعبہ پہلے ہی ائیر ٹریفک کنٹرولرز اور سیکیورٹی عملے کی کمی جیسے مسائل کا سامنا کر رہا ہے، جس کے باعث ملک بھر کے ائیرپورٹس پر تاخیر اور حفاظتی خدشات بڑھ گئے ہیں۔
