ایران کے فیفا سے اپنے ورلڈ کپ میچز امریکا سے میکسیکو منتقل کرنے پر مذاکرات
فیفا ورلڈ کپ 2026 امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر 11 جون سے شروع ہونا ہے
ایران نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر فیفا سے اپنے ورلڈ کپ میچز میکسیکو منتقل کرنے کے لیے مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔
ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایران فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے کہا ہے کہ فیفا کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت جاری ہے تاکہ ایران کے تمام میچز میکسیکو میں کروائے جا سکیں۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر 11 جون سے شروع ہونا ہے، جبکہ ایران کے کچھ میچز لاس اینجلس اور سیئٹل میں شیڈول ہیں۔
مزید پڑھیں: فیفا کے صدر جیانی انفنٹینو نے پاکستان کے دورے کا اعلان کردیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ ایران کی قومی ٹیم کی شرکت مناسب نہیں ہوگی کیونکہ ان کی سیکیورٹی یقینی نہیں بنائی جا سکتی۔
ایران فٹبال فیڈریشن نے مزید کہا کہ جب امریکی صدر خود سیکیورٹی کی ضمانت نہیں دے سکتے تو ہم امریکا سفر نہیں کریں گے، اسی لیے فیفا سے درخواست کی ہے کہ ہمارے میچز میکسیکو میں رکھے جائیں۔
دوسری جانب ایران کے وزیر کھیل احمد دنیامالی نے بھی کہا کہ حالیہ کشیدگی اور امریکا و اسرائیل کے حملوں کے بعد ایرانی کھلاڑیوں کے لیے ٹورنامنٹ میں شرکت مشکل ہو گئی ہے۔
